بھارتی حکومت کا اہم اقدام: 7 لاکھ سے زائد سمز، 87 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس اور سکائپ آئی ڈیز بلاک کر دی گئیں

04:16 PM, 27 Mar, 2025

ممبئی:بھارتی حکومت نے آن لائن فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 7 لاکھ 81 ہزار سمز، 83 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس اور 4 ہزار سکائپ آئی ڈیز بلاک کر دی ہیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ سنجے کمار نے لوک سبھا میں ممبران کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی سادہ لوح افراد کو لوٹنے والے فراڈیوں کے خلاف کی گئی ہے۔

ان فراڈیوں نے فرضی سم کارڈز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے واٹس ایپ اور اسکائپ کا استعمال کرکے عوام کو دھوکہ دیا۔ یہ افراد خود کو بینک، پولیس یا دیگر سرکاری اداروں کا افسر بنا کر لوگوں سے پیسہ ہڑپ رہے تھے۔

سنجے کمار نے مزید بتایا کہ حکومت نے فرضی موبائل فونز کی روک تھام کے لیے 208,469 آئی ایس ای آئی نمبر بھی بلاک کیے ہیں اور جعلسازوں کے فرضی فونز بلیک لسٹ کر دیے گئے ہیں۔ انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (14 سی) نے 3962 اسکائپ آئی ڈیز اور 83,668 واٹس ایپ اکاؤنٹس بھی بلاک کیے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد آن لائن دھوکہ دہی کی روک تھام کے ساتھ ساتھ عوام کی حفاظت کرنا اور انہیں ان جعلسازوں سے بچانا ہے۔

مزیدخبریں