جعفر ایکسپریس دہشت گردی کے حملے کے 16 دن بعد بحال ، پشاور سے روانہ

12:05 PM, 27 Mar, 2025

پشاور : جعفر ایکسپریس، جو 11 مارچ کو دہشت گردوں کے حملے کا شکار ہوئی تھی، 16 دن بعد پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن سے دوبارہ اپنی سفر پر روانہ ہوگئی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام اور ریلوے حکام موجود تھے۔ جعفر ایکسپریس پشاور سے روانہ ہو کر پنجاب، سندھ، اور بلوچستان سے ہوتی ہوئی 34 گھنٹے کے سفر کے بعد کل شام کوئٹہ پہنچے گی۔

جعفر ایکسپریس واحد ٹرین ہے جو پاکستان کے چاروں صوبوں سے گزرتی ہے۔ اس سفر کے لیے 280 مسافروں نے ریزرویشن کرائی ہے، جن میں سے 28 مسافر پشاور سے روانہ ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خواہش تھی کہ جعفر ایکسپریس کی سروس کوئٹہ کے لیے دوبارہ شروع کی جائے، اور اب یہ ٹرین اپنے سفر پر روانہ ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کا عمل جاری رہے گا اور دہشت گردوں کے عزائم ناکام ہوں گے۔

امیر مقام نے خیبر پختونخوا کے عوام کے عزم کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، ساتھ ہی تمام ریل گاڑیوں کی سکیورٹی کو بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی تحریکوں کا مقصد نہ تو ملک کی ترقی ہے اور نہ ہی صوبے کی فلاح، بلکہ ان کا مقصد صرف اسلام آباد پر قبضہ کرنا ہے۔

آخر میں، وزیر نے غیر قانونی افغان مہاجرین کے حوالے سے کہا کہ ان کی واپسی کا عمل جاری رہے گا اور اس پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔

مزیدخبریں