اسلام آباد:پاکستان میوزیم آف ایتھنالوجی میں ایک پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد جعفر ایکسپریس ٹرین حادثے میں شامل ہیروز کی بے مثال بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
یہ ایونٹ جڑواں شہروں کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے ایک موقع تھا کہ وہ اپنے فن کے ذریعے اس سانحے میں دکھائی جانے والی ہمت، قربانی اور یکجہتی کی داستان کو دنیا کے سامنے لائیں۔ نوجوان فنکاروں نے پینٹنگز کے ذریعے اس حادثے کے متاثرین اور ہیروز کی جدوجہد کو اجاگر کیا، جس میں بہادری، عزم، اور قومی فخر کا پیغام تھا۔
لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مظفر علی برکی نے اس موقع پر کہا کہ فن نے ہمیشہ انسانیت کو جوڑنے کا کام کیا ہے، اور اس ایونٹ کا مقصد نہ صرف ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے بلکہ نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے۔
ایونٹ میں بہترین پینٹنگز کو نقد انعامات اور اسناد سے نوازا گیا، اور دوسرا مرحلہ عید کی تعطیلات کے بعد منعقد کیا جائے گا۔ یہ ایونٹ پاکستان کے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید چیلنجز کے تخلیقی حل فراہم کرنے کی ترغیب دینا ہے۔