ملک بھر میں بارشوں کا امکان، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

08:28 PM, 27 Jun, 2026

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی باضابطہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے متعدد اضلاع جن میں لاہور، میانوالی، خوشاب، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ اور حافظ آباد شامل ہیں، میں بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔

سندھ کے مختلف علاقوں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور گھوٹکی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ، کرک، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، سوات، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بونیر، مہمند، خیبر اور وزیرستان کے علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامر، استور، غانچے، شگر اور کھرمنگ میں بھی بارشوں کا امکان بتایا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حد نگاہ میں کمی اور بجلی کے نظام میں تعطل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے، موسمی صورتحال پر نظر رکھنے اور کمزور عمارتوں، درختوں اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی سخت ہدایت کی ہے۔
 
 

مزیدخبریں