سندھ حکومت نے قومی مفاد کو ترجیح دی، وسائل محدود ہونے کے باوجود عوامی منصوبے جاری ہیں: شرجیل میمن

08:14 PM, 27 Jun, 2026

کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش موجودہ حالات میں تمام صوبے محدود وسائل کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور قومی مفاد کے لیے صوبوں نے اپنی ترقی کے منصوبوں میں قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں نے اپنے حصے سے بجٹ کا کچھ حصہ وفاق کو دیا تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اگر ملک مضبوط ہوگا تو ترقی کے سفر کو بعد میں بھی آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

صحافتی آزادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے جرنلسٹ پروٹیکشن کمیشن قائم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آزادیٔ صحافت پر یقین رکھتی ہے اور معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحافیوں کو آزادی حاصل ہے، تاہم اس آزادی کے باعث سندھ حکومت کو بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ شہر کے مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف بسیں خرید لینا کافی نہیں، بلکہ بہتر انفراسٹرکچر کی تعمیر ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پیپلز بس سروس سے روزانہ ایک لاکھ 80 ہزار افراد سفر کرتے ہیں جبکہ سندھ حکومت اس سروس کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔

مزیدخبریں