پاکستان میں ادویات کی تصدیق کے لیے کیو آر کوڈ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

07:32 PM, 27 Jun, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ملک بھر میں ادویات کی نگرانی اور ان کی اصلیت کی جانچ کے لیے بارکوڈ اور کیو آر کوڈ پر مبنی جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے دفتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خاتمے اور صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت ہر دوا کے پیکٹ پر کیو آر کوڈ درج ہوگا، جسے موبائل فون کے ذریعے اسکین کر کے دوا سے متعلق مکمل معلومات حاصل کرنے کے ساتھ اس کی اصل یا جعلی حیثیت کی فوری تصدیق ممکن ہوگی۔ ان کے مطابق اس منصوبے پر عمل درآمد آئندہ 60 روز کے اندر شروع کر دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی جامع قومی ویکسین پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جسے صحت عامہ کے نظام میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی فارماسیوٹیکل صنعت کا بڑا مرکز ہے اور اس شعبے کی بہتری کے لیے جلد بزنس ٹو بزنس (B2B) کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

سید مصطفیٰ کمال نے صحت کے شعبے کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آلودہ پانی مختلف بیماریوں کی بڑی وجہ ہے، جس پر فوری اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق ملک میں ہر سال ہزاروں خواتین زچگی کے دوران جان کی بازی ہار جاتی ہیں، جس میں بہتر طبی سہولیات کے ذریعے نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی کو بھی ایک بڑا قومی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آبادی میں تیز رفتار اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔
 

مزیدخبریں