اسلام آباد: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت متوازن پالیسی کے تحت تمام شعبوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے اور کسی ایک شعبے کو ترجیح نہیں دی جا رہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کسی شعبے پر غیر ضروری بوجھ ڈالنے کے حق میں نہیں، جبکہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے دور میں اب تک ڈیزل کی قیمت میں 200 روپے فی لیٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 155 روپے فی لیٹر کمی کی جا چکی ہے۔
علی پرویز ملک کے مطابق رواں ہفتے عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں 98.35 ڈالر سے 91.68 ڈالر فی بیرل کے درمیان رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ صارفین تک منتقل کرنے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے رجحانات اور ملکی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔