ایران کے خلاف امریکی کارروائی، ٹرمپ کا فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

09:53 AM, 27 Jun, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر حملے کے بعد امریکا نے ایران کے اندر متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ روز بحری جہاز پر حملہ کیا گیا، جس کے بعد امریکی افواج نے جوابی کارروائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے مفادات اور عالمی بحری راستوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ کارروائی میں ایران کے متعدد فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 47 برسوں میں کوئی امریکی صدر وہ اقدامات نہیں کر سکا جو ان کی حکومت نے کیے ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی سلامتی اور اتحادیوں کے تحفظ کے لیے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آبنائے ہرمز میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے، کیونکہ یہ خطہ عالمی توانائی اور تجارتی نقل و حمل کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔

مزیدخبریں