سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کا کیس، جسٹس صلاح الدین کی علیحدگی پر بنچ ٹوٹ گیا

11:32 AM, 27 Jun, 2025

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں پر نظرثانی کے اہم کیس کی سماعت اُس وقت متاثر ہوئی جب جسٹس صلاح الدین پنہور نے بنچ سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد یہ بنچ تحلیل ہو گیا۔

سماعت شروع ہوتے ہی جسٹس صلاح الدین نے کہا کہ عوام کا عدلیہ پر اعتماد بہت ضروری ہے، اور یہ تبھی ممکن ہے جب کسی فریق کو ججز پر اعتراض نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ وکیل حامد خان نے بنچ میں شامل کچھ ججز پر اعتراض کیا ہے، اور وہ خود بھی ان ججز میں شامل ہیں، اس لیے وہ مزید اس کیس کی سماعت نہیں کر سکتے۔

جسٹس صلاح الدین نے کہا کہ ججز پر جانبداری کے الزامات افسوسناک ہیں، اور ایسے الزامات عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ حامد خان کے طرزِ عمل سے ذاتی طور پر رنجیدہ ضرور ہیں، لیکن ان کے لیے ذاتی جذبات سے زیادہ ادارے کا وقار اہم ہے۔

اس پر وکیل حامد خان نے جسٹس صلاح الدین کے فیصلے کو سراہا، تاہم دوسرے جج، جسٹس امین الدین نے کہا کہ یہ کوئی خوشی کی بات نہیں ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے بھی حامد خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنچ کی یہ صورتحال ان کے رویے کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔

عدالت نے بعد میں کیس کی سماعت ملتوی کر دی اور بنچ کی نئی تشکیل یا آئندہ کارروائی سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں