لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی ڈرون سے ویڈیو بنانے پر مکمل پابندی عائد ہے، اور جو کوئی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے محرم کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے خاص انتظامات کیے ہیں، اور سوشل میڈیا پر فرقہ واریت یا نفرت پھیلانے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم دشمن کے عزائم سے باخبر ہیں اور پوری طرح تیار بھی ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ محرم میں بھائی چارے، برداشت اور امن کا مظاہرہ کریں۔
نئے اسلامی سال اور محرم کی آمد پر وزیراعلیٰ نے امت مسلمہ کو مبارکباد دی اور دعا کی کہ نیا ہجری سال پاکستان اور پوری دنیا کے لیے خوشی، ترقی اور امن کا پیغام لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ محرم ہمیں حضرت امام حسینؓ کی قربانی یاد دلاتا ہے، جو ہمیں حق، سچائی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتا ہے۔