آصف علی زرداری کا نئے ہجری سال 1447ھ کے آغاز پر پیغام

09:46 AM, 27 Jun, 2025

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے ہجری سال 1447ھ کے آغاز پر پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کو مبارکباد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی یہ نیا سال پاکستان کے لیے امن، خوشحالی اور استحکام لائے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ مہینہ اسلامی مہینوں میں سے ایک حرمت والا مہینہ ہے، جس میں اللہ نے ہمیں لڑائی جھگڑوں سے بچنے اور نیکیوں میں مصروف رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی انفرادی زندگیوں کو اجتماعی شعور کے ساتھ جوڑنا چاہیے اور عدل و انصاف، حسن سلوک، ایثار، رواداری اور برداشت جیسے اوصاف اپنانا چاہیے۔

صدر نے کہا کہ محرم کا مہینہ ہمیں امام حسینؓ کی قربانیوں سے سبق سکھاتا ہے اور یہ ہمیں فرقہ واریت اور مایوسی سے بچنے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاکستان کو ہر قسم کی مصیبت اور انتشار سے محفوظ رکھے اور یہ سال خوشحالی، امن اور ترقی کا پیغام لے کر آئے۔

مزیدخبریں