خیبرپختونخوا میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ

07:41 PM, 27 Jul, 2026

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں گاڑیوں کی شناخت اور سیکیورٹی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام سرکاری اور نجی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا کے مطابق نئی نمبر پلیٹس میں ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفکیشن (آر ایف آئی ڈی) ٹیکنالوجی شامل کی جائے گی، جس کے ذریعے گاڑیوں کی نگرانی اور شناخت کا عمل مزید آسان اور تیز ہو جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی اسمارٹ پلیٹس میں خصوصی آر ایف آئی ڈی چِپس اور اسٹیکرز نصب ہوں گے، جنہیں جدید ڈیجیٹل ڈیٹا بیس سے منسلک کیا جائے گا۔ اس نظام کے تحت متعلقہ ادارے کسی بھی گاڑی کو اسکین کرکے اس کی رجسٹریشن، مالک کی معلومات اور دیگر ضروری تفصیلات فوری حاصل کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق جدید نمبر پلیٹس کے اجرا سے چوری شدہ، غیر قانونی اور مشکوک گاڑیوں کا سراغ لگانے میں مدد ملے گی، جبکہ گاڑیوں کے ریکارڈ کو محفوظ اور منظم بنانے میں بھی بہتری آئے گی۔

محکمہ ایکسائز نے بتایا کہ نئی نمبر پلیٹس کا اطلاق صوبے میں موجود تمام گاڑیوں پر ہوگا۔ اس وقت جاری کی جانے والی نمبر پلیٹ کی فیس 1200 روپے ہے، جبکہ آر ایف آئی ڈی سہولت سے لیس نئی اسمارٹ نمبر پلیٹ کے لیے 4 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد گاڑیوں کے اندراج کے نظام کو شفاف بنانا، ٹریفک انتظامات کو بہتر کرنا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت بھی گاڑیوں کے لیے جدید سیکیورٹی خصوصیات رکھنے والی نمبر پلیٹس متعارف کرانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ پنجاب میں اپریل 2024 سے سرکاری نمبر پلیٹس کا اجرا عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا، جس کے بعد شہریوں کو مارکیٹ سے نمبر پلیٹس تیار کروانے کی اجازت دی گئی۔

بعد ازاں پنجاب حکومت نے اعلان کیا تھا کہ نئی نمبر پلیٹس میں آر ایف آئی ڈی چِپ شامل ہوگی، جس کے ذریعے گاڑی اور مالک کی مکمل معلومات فوری طور پر حاصل کی جا سکیں گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کا یہ فیصلہ گاڑیوں کے ڈیجیٹل ریکارڈ، بہتر سیکیورٹی اقدامات اور جدید مانیٹرنگ نظام کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
 

مزیدخبریں