کراچی: پاکستان کی معروف فلمی اداکارہ میرا نے اپنے معاوضے سے متعلق اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ حکومت کی معاونت سے تیار ہونے والی کسی فلم کا حصہ بنتی ہیں تو انہیں 50 لاکھ روپے معاوضہ دیا جانا چاہیے، جبکہ متبادل کے طور پر ایک یا دو سنیما گھروں کی ملکیت بھی دی جا سکتی ہے۔
ایک نجی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے میرا نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان کی فلم انڈسٹری کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتی ہے تو صرف فلموں کی تیاری پر توجہ دینا کافی نہیں ہوگا، بلکہ سنیما کلچر کو فروغ دینے اور جدید انفراسٹرکچر پر بھی سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سنیما گھروں کی تعداد میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ کسی بھی مضبوط فلمی صنعت کی کامیابی کا انحصار صرف معیاری فلموں پر نہیں بلکہ مؤثر نمائش کے نظام پر بھی ہوتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر حکومتی سطح پر فلمی صنعت کے فروغ کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے تو اس کے مثبت اثرات پورے شعبے پر مرتب ہوں گے اور فلم سازوں کے ساتھ ساتھ نمائش کے شعبے کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
میرا کے اس انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض صارفین نے ان کے خیالات کو فلمی صنعت کی بہتری کے تناظر میں سراہا، جبکہ کئی افراد نے ان کے معاوضے اور سنیما گھروں کی ملکیت سے متعلق تجویز پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔