اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور میڈیا کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کی ویب سائٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب صحافتی برادری کا ایک اہم ادارہ ہے، جبکہ ویب سائٹ کا اجرا اس ادارے کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نیشنل پریس کلب میں جدید سہولیات سے آراستہ ڈیجیٹل لیب کے قیام کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ صحافی نئی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل صحافت سے بہتر انداز میں استفادہ کر سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ٹیلی ویژن چینلز کو واجب الادا رقوم کی بروقت ادائیگی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاہم میڈیا ہاؤسز پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنے صحافیوں اور دیگر ملازمین کو مقررہ وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں۔
عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ صحافیوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہیلتھ کارڈ اسکیم متعارف کرانے پر کام جاری ہے، جبکہ ان کے رہائشی مسائل کے حل کے لیے بھی مختلف تجاویز زیر غور ہیں، جنہیں صحافتی تنظیموں کی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے میڈیا منظرنامے میں ڈیجیٹل کانٹینٹ کی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اسی لیے حکومت صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے مختصر مدت کے خصوصی کورسز شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومت ایسی جامع پالیسی ترتیب دے رہی ہے جس کے ذریعے صحافیوں اور میڈیا اداروں کو درپیش مالی مشکلات کم کرنے اور میڈیا انڈسٹری کو زیادہ مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی ترقی حکومت اور صحافتی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی ایک مضبوط، آزاد اور ذمہ دار میڈیا کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔