میرپور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر انتخابات میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام خود کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ میرپور کے عوام کے نام جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگر عوام چاہتے ہیں کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیری خود کریں تو وہ گھروں سے نکلیں اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹ کی طاقت استعمال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی الیکشن کا بائیکاٹ کامیاب حکمت عملی ثابت نہیں ہوا، اس لیے عوام کو انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر عوام اپنے حقوق، حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور سچ و مفاہمتی کمیشن چاہتے ہیں تو انہیں اپنے ووٹ کے ذریعے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے حلقہ ایل اے 3 کے وارڈ 16 اور 17 کا دورہ کرکے انتخابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کمشنر میرپور کے مطابق تینوں اضلاع میں پولنگ کا عمل پرامن انداز میں جاری ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف گھروں سے نکلیں اور اپنا ووٹ کاسٹ کریں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے پرامن ماحول یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔