تربت میں بی ایس ڈی آئی کے تحت آئی ٹی ہب کا قیام

09:20 AM, 27 Jul, 2026

دنیا ایک ایسے دور میں داخل ہو چکی ہے جہاں ترقی، خوشحالی اور قومی استحکام کا انحصار قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ علم، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں پر بھی ہے۔ مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل معیشت نے دنیا کو ایک حقیقی ڈیجیٹل گلوبل ولیج میں تبدیل کر دیا ہے۔ آج وہی قومیں ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھ رہی ہیں جنہوں نے اپنے نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا ہے۔ پاکستان بھی اسی سمت تیزی سے پیش قدمی کر رہا ہے، جبکہ بلوچستان جیسے وسیع و عریض اور امکانات سے بھرپور صوبے میں نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بلوچستان سپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت ایف سی بلوچستان (سا¶تھ) کی زیر سرپرستی تربت میں ایک جدید آئی ٹی ہب قائم کیا گیا ہے، جو یقینا ضلع کیچ سمیت پورے مکران ڈویژن کے لیے امید، ترقی اور روشن مستقبل کی ایک نئی علامت بن کر سامنے آیا ہے۔تربت میں قائم ہونے والے اس آئی ٹی ہب کا باقاعدہ افتتاح آئی جی ایف سی بلوچستان (سا¶تھ) نے کیا۔ یہ ہب جنوبی بلوچستان کے نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ایک جامع کوشش ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ایسے ماحول کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے جہاں نوجوان جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تعلیم اور ہنرکے ذریعے اپنے مستقبل کو سنوار سکیں گے۔گذشتہ چند برس کے دوران دنیا میں روزگار کے روایتی تصورات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ اب ملازمت کے مواقع صرف دفاتر اور اداروں تک محدود نہیں رہے بلکہ ایک نوجوان اپنے گھر یا کسی بھی شہر میں بیٹھ کر دنیا بھر کی کمپنیوں کے ساتھ کام کر سکتا ہے۔ فری لانسنگ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، ویب ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبے نئی راہیں کھول رہے ہیں۔ ایسے میں بلوچستان کے نوجوانوں کو ان مواقع سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت تھی، جسے بی ایس ڈی آئی کے تحت عملی شکل دی گئی ہے۔اس آئی ٹی ہب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ آئی ٹی ہال قائم کیا گیا ہے جہاں 50 کمپیوٹر سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ 75 انچ کا اسمارٹ ڈسپلے، تیز رفتار انٹرنیٹ، لوکل ایریا نیٹ ورک (LAN)، انسٹرکٹر سٹیشن، سا¶نڈ سسٹم اور موثر سرویلنس سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو ایک ایسا تعلیمی ماحول میسر آ سکے جو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ ہو۔ ٹریننگ کے لیے درکار تمام بنیادی سہولیات ایک ہی جگہ پر فراہم کی گئی ہیں۔ ڈیجیٹل لائبریری بھی اس ہب کی ایک نمایاں خصوصیت ہے، جہاں جدید ورک سٹیشن، کتابوں اور ای بکس کا وسیع ذخیرہ اور سمارٹ ایل ای ڈی ڈسپلے موجود ہے۔ اس سہولت کے ذریعے طلبہ کو روایتی کتابوں کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر دستیاب علمی وسائل تک بھی رسائی حاصل ہو گی۔ موجودہ دور میں تحقیق، مطالعہ اور معلومات تک فوری رسائی کسی بھی طالب علم کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، اور یہی سہولت اب تربت کے نوجوانوں کو بھی دستیاب ہو گی۔ اسی طرح کانفرنس روم اور فری لانسرز ہب کو موجودہ تقاضوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ یہاں ای کامرس اور فری لانسنگ کے لیے خصوصی ورک سٹیشن قائم کیے گئے ہیں تاکہ نوجوان آن لائن روزگار کے مواقع سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ آئی ٹی ہب میں تفریحی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جہاں انڈور کھیلوں کی سہولیات، سمارٹ ڈیجیٹل ڈسپلے اور کیفے ٹیریا موجود ہے۔ تعلیمی اداروں میں مثبت اور متوازن ماحول کی فراہمی ہمیشہ بہتر نتائج کی ضامن سمجھی جاتی ہے۔ اسی سوچ کے تحت طلبہ کی ذہنی آسودگی اور مثبت سرگرمیوں کو بھی اس منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ شخصیت کی متوازن نشوونما بھی ممکن ہو سکے۔ آئی ٹی ہب ہر بیچ میں 50 طلبہ کو تربیت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ سالانہ چار پیشہ ورانہ کورسز کرائے جائیں گے۔ اگست کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے والے پہلے بیچ کے لیے رجسٹریشن کا آغاز بھی ہو چکا ہے، جو بھرپور اعتماد اور دلچسپی کا مظہر ہے۔ تربت میں قائم کیا جانے والا یہ آئی ٹی ہب انہی منصوبوں کی ایک روشن مثال ہے، جس کا براہ راست تعلق تعلیم، ہنرمندی اور معاشی خودمختاری سے ہے۔ جدید دنیا میں کسی بھی خطے کی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک وہاں کے نوجوان علم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ نہ ہوں۔ ایسے منصوبے نوجوانوں میں خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں، انہیں تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں اور قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرتے ہیں۔ آج جب دنیا ڈیجیٹل معیشت کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے تو بلوچستان کے نوجوانوں کو بھی اسی رفتار سے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ یہ ہب نئی نسل کو جدید مہارتوں، خود اعتمادی اور باعزت روزگار کی طرف لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اگر اس سے بھرپور استفادہ کیا گیا تو یقینا یہ جنوبی بلوچستان میں ڈیجیٹل انقلاب کی بنیاد ثابت ہو گا اور آنے والے برسوں میں تربت جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی تعلیم کے ایک اہم مرکز کے طور پر اپنی شناخت قائم کر سکے گا۔

مزیدخبریں