ملک میں پولیو کے تین نئے کیسز، سال بھر میں مجموعی تعداد 17 ہو گئی

12:51 PM, 27 Jul, 2025

اسلام آباد : قومی ادارہ صحت نے اطلاع دی ہے کہ ملک کے مختلف حصوں سے پولیو کے تین نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد اس سال پولیو متاثرہ بچوں کی تعداد 17 تک پہنچ گئی ہے۔ نئے کیسز لکی مروت، شمالی وزیرستان اور عمرکوٹ کے علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لکی مروت میں 15 ماہ کی بچی، شمالی وزیرستان میں 6 ماہ کی بچی اور عمرکوٹ میں 5 سال کا بچہ پولیو وائرس سے متاثر پایا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا سے اس سال اب تک 10، سندھ سے 5، جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔

قومی ادارہ صحت نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو ویکسین لازمی لگوائیں کیونکہ ہر غیر ویکسینیٹڈ بچہ نہ صرف اپنی جان کے لیے خطرہ بنتا ہے بلکہ دوسرے بچوں کے لیے بھی وبا کا سبب بن سکتا ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لیے والدین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

مزیدخبریں