اسلام آباد: پاک فوج کے عظیم سپوت اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پہلے شہید کیپٹن محمد سرور کا 77 واں یومِ شہادت آج پورے ملک میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں کیپٹن سرور شہید کے کارناموں کو یاد کیا جا رہا ہے اور ان کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہان ہے کہ، کیپٹن محمد سرور 27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے تلپترہ سیکٹر میں دشمن کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ ان کی قربانی اور بہادری نے انہیں ہمیشہ کے لیے تاریخ میں زندہ کر دیا۔
پاک فوج نے کہا کہ کیپٹن سرور شہید کی قربانی ایک مشعلِ راہ کی طرح ہے، جو نئی نسل میں وطن کے لیے محبت اور دفاع کا جذبہ جگاتی ہے۔ ان کی شہادت نے اس بات کو ثابت کیا کہ وطن کے لیے جان دینا ہماری اصل طاقت اور عزم ہے۔
پاک فوج نے اس موقع پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ "کیپٹن سرور شہید کی قربانی ہماری تاریخ کا روشن باب ہے اور اس پر ہمیں فخر ہے۔" فوج نے واضح کیا کہ وہ ہر قیمت پر ملک کی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہے۔
کیپٹن سرور شہید کی قربانی نہ صرف پاک فوج کی تاریخ کا سنہری باب ہے بلکہ یہ پوری قوم کے لیے ایک عظیم سبق ہے کہ وطن کی حفاظت کے لیے ہم سب کو اپنی جان کی قربانی دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔