جعلی مینڈیٹ پر بیٹھ کر ہمیں مشورے نہ دیں، ہم ڈکٹیشن نہیں لیں گے؛شرجیل میمن کا فاروق ستار پر جوابی وار

06:22 PM, 27 Jan, 2026

کراچی: صوبائی وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ حقیقی ہے جبکہ ایم کیو ایم خود "جعلی مینڈیٹ" کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے۔
شرجیل میمن نے فاروق ستار کے استعفے والے مطالبے کا رخ انہی کی طرف موڑتے ہوئے کہا اگر فاروق ستار کو اپنے عوامی ہونے کا اتنا ہی شوق ہے تو پہلے خود استعفیٰ دیں اور دوبارہ میدان میں آکر مقابلہ کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ  سیاست کیسے کرنی ہے، یہ ہم بہتر جانتے ہیں؛ ہمیں کسی سے ڈکٹیشن لینے کی ضرورت نہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ   فاروق ستار کے مطالبے سے پہلے ہی حکومت نے ضرورت پڑنے پر عدالتی کمیشن بنانے کا عندیہ دے دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ   ہماری نیت صاف ہے، اسی لیے ہم نے پنجاب فرانزک لیب سے ماہرین کو تحقیقات کے لیے بلایا ہے۔ ہم شفافیت پر یقین رکھتے ہیں، مگر فاروق ستار کے غیر سنجیدہ بیانات پر توجہ دینا وقت کا ضیاع ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کے بیانات کا کوئی بھروسہ نہیں، وہ صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسی باتیں کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت اپنے فیصلے خود کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور کسی گروہ کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔

مزیدخبریں