لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلڈنگ سیفٹی کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کراچی کے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین سے گہری یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر متاثرین کی بحالی کے لیے پنجاب حکومت کی مدد درکار ہوئی تو ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے لاہور کی ایک بلند و بالا عمارت میں لگنے والی آگ پر 5 منٹ کے اندر قابو پانے کو مثالی قرار دیتے ہوئے ریسکیو 1122 اور سیف سٹی کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا "سیف سٹی کیمروں سے میں نے خود امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی، جس سے ٹیموں کو بروقت مدد ملی۔ ان کاکہنا تھا کہ بیسمنٹ میں پھنسے تمام لوگوں کو بحفاظت نکالنا ریسکیو ٹیموں کی بڑی کامیابی ہے۔
مریم نواز نے صوبے میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے درج ذیل ہدایات جاری کیں اور آگ لگنے کے واقعات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو ایک ایک کروڑ روپے مالی امداد دینے کی تجویز دی ۔ان کاکہنا تھاکہ بوائلرز کی ریگولر انسپکشن اور عمارتوں میں فائر الارم سسٹم کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی گاڑیوں کے راستے میں حائل تجاوزات کو فوری ہٹایا جائے تاکہ ریلیف آپریشن متاثر نہ ہو۔ ریسکیو 1122 کے پورے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے تمام ضروری فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عوام کو مہنگائی سے بچانا بھی حکومت کی ترجیح ہے، لہٰذا مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں کو سختی سے کنٹرول کیا جائے۔
سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے ساتھ ہیں، پنجاب حکومت ہر مدد کے لیے تیار ہے: مریم نواز
06:06 PM, 27 Jan, 2026