کراچی کو وفاق کے حوالے کریں: فاروق ستار کا آرٹیکل 148 کے نفاذ اور حکومتِ سندھ کی برطرفی کا مطالبہ

05:32 PM, 27 Jan, 2026

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی کی ابتر صورتحال اور سانحہ گل پلازہ پر سندھ حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کر دی۔ انہوں نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ آرٹیکل 148 کے تحت کراچی کا کنٹرول خود سنبھالے کیونکہ صوبائی حکومت عوام اور تاجروں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ پر پردہ ڈالنے کے لیے من گھڑت کہانیاں گھڑی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ  وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی اور صوبائی وزیر اطلاعات فی الفور اپنے عہدوں سے مستعفی ہوں۔ کمشنر کراچی کی انکوائری مسترد کرتے ہیں، اعلیٰ سطحی جوڈیشل کمیشن کے قیام تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے ارکانِ اسمبلی سے سکیورٹی واپس لینے کے فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا    وزارتِ داخلہ ہمیں خطرات سے آگاہ کرتی ہے اور دوسری طرف سکیورٹی واپس لے لی جاتی ہے۔ کیا اب ہم تحفظ کے لیے اسلام آباد کی پولیس کو پکاریں؟۔
فاروق ستار نے بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے "نادان دوستوں" نے 18 سالہ کرپشن سے پیپلز پارٹی کے کندھوں پر اتنا بوجھ ڈال دیا ہے کہ اب یہ سفینہ ڈوبنے کے قریب ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پورے صوبے میں گورنر راج کی ضرورت نہیں، صرف کراچی کو وفاق اپنی تحویل میں لے کر شہریوں کو انصاف فراہم کرے۔

مزیدخبریں