آزادیِ صحافت پر قدغن؟ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوریج میں بھارتی رکاوٹیں، بنگلہ دیشی میڈیا کا بائیکاٹ کا انتباہ

01:34 PM, 27 Jan, 2026

ڈھاکہ: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گرد تنازعات کے بادل منڈلانے لگے۔ بھارت کی جانب سے بنگلہ دیشی صحافیوں کو ایونٹ کی کوریج سے روکنے کی خبروں نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ اس اقدام کو بنگلہ دیشی میڈیا کی جانب سے جان بوجھ کر نشانہ بنانے اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں مداخلت قرار دیا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق بھارت کی جانب سے کوریج کے اجازت ناموں میں رکاوٹ ڈالنے پر بنگلہ دیشی صحافیوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ صحافتی تنظیموں کا موقف ہے کہ کسی بھی عالمی ایونٹ میں کسی خاص ملک کے صحافیوں کا راستہ روکنا آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
 کوریج سے محرومی کے باعث بنگلہ دیشی میڈیا ہاؤسز کو بڑے مالی اور پیشہ ورانہ نقصان کا سامنا ہے۔بنگلہ دیش کی کھیلوں کی صحافتی تنظیموں نے اس صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ بنگلہ دیش کی سپورٹس جرنلسٹس تنظیموں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا اور بھارت کے اس "غیر منصفانہ" رویے کے خلاف مشترکہ احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔
    بنگلہ دیشی حکام کی جانب سے آئی سی سی پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ میزبان ملک کے اس رویے کا نوٹس لے۔کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ رویہ نہ صرف کھیل بلکہ دونوں ممالک کے درمیان صحافتی تعلقات کو بھی متاثر کرے گا۔ اگر صحافیوں کو کوریج کی اجازت نہ ملی تو یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کا ایک سیاہ باب تصور کیا جائے گا۔

مزیدخبریں