راولپنڈی : پاکستان کے دفاع اور عوامی خدمت کی علامت، پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے آئی ایس پی آر نے نیا نغمہ جاری کر دیا ہے۔ یہ نغمہ نہ صرف موسیقی کا ایک شاہکار ہے بلکہ برفانی طوفانوں اور شدید موسم میں جوانوں کے غیر متزلزل عزم کی زندہ تصویر ہے۔
مُلک کے برف پوش پہاڑوں اور ناقابلِ برداشت سردی میں جہاں زندگی تھم جاتی ہے، وہاں پاک فوج کے جوان ریسکیو آپریشنز کے ذریعے انسانیت کی خدمت کی نئی مثالیں رقم کر رہے ہیں۔ حالیہ نغمہ انہی جانبازوں کے نام کیا گیا ہے جو سخت ترین حالات میں بھی قوم کا سہارا بن کر ابھرتے ہیں۔
نئے نغمے کے بول سحر انگیز ہیں جنہیں ایک ایسی آواز میں پرویا گیا ہے جو سیدھا دل میں اتر جاتی ہے۔ ریلیز ہوتے ہی اس نغمے نے سماں باندھ دیا ہے اور سوشل میڈیا پر اسے عوامی سطح پر زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ نغمے کو پاک فوج اور قوم کے درمیان مضبوط اعتماد اور والہانہ محبت کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ نغمہ اس عزم کو دہراتا ہے کہ وطن کی مٹی پر جب بھی کوئی مشکل گھڑی آئی، افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کی یہ کاوش ان شہیدوں اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے آرام پر فرض کو ترجیح دی۔ یہ نغمہ پاکستانی قوم کے اس احساس کو زبان دیتا ہے کہ "ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے"۔