نیویارک / واشنگٹن: شمالی امریکہ میں شدید برفانی طوفان اور قطبی ہواؤں نے قیامت خیز صورتحال پیدا کر دی ہے۔ امریکہ اور کینیڈا میں برف باری اور ٹھنڈ کے باعث اب تک 30 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
نیویارک کے میئر زہران ممدانی کے مطابق شہر میں 5 افراد شدید سردی کے باعث کھلے آسمان تلے مردہ پائے گئے۔ ملک بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 30 ہو گئی ہے۔ واشنگٹن، نیویارک اور فلاڈیلفیا سمیت بڑے ہوائی اڈوں پر 19 ہزار پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے لاکھوں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔
طوفانی ہواؤں کی وجہ سے 20 ہزار سے زائد گھر اور کاروبار بجلی سے محروم ہیں، جبکہ واشنگٹن ڈی سی سمیت 24 امریکی ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔کینیڈا میں بھی موسمِ سرما کے بدترین طوفان نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ صوبہ اونٹاریو میں شدید برفباری کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اور لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ٹیکساس سے نیو انگلینڈ تک برف باری اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہے گا اور آنے والے دنوں میں پارہ خطرناک حد تک مزید گرنے کا امکان ہے، جو انسانی زندگیوں کے لیے مزید خطرات پیدا کر سکتا ہے۔