اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ہر وقت ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افواج پاکستان کا عزم ہے کہ ملک کے امن اور تحفظ پر کسی بھی صورت میں آنچ نہیں آنے دی جائے گی، اور وہ کسی بھی جارحانہ عزائم کو پوری طاقت سے ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ وہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمت عملی سے لیس ہیں اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وزیراعظم نے یہ واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا ہے، مگر ملکی سالمیت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی، اور پوری قوم اپنے فوجیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔