لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاک افغان سرحد پر خوارج کے بزدلانہ حملے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور پاک افواج کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ "سلام ہے پاک فوج کو جنہوں نے پلک جھپکتے ہی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔"
مریم نواز نے مزید کہا کہ "خوارج اور ان کے حامی پہلے بھی ذلیل ہوئے ہیں، اور اب بھی وہ ذلت کا سامنا کریں گے۔" انہوں نے پاک فوج کی عزت افزائی کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا اور ہر وار کا الٹا اثر ہوگا۔ "پاکستان کی سرزمین کا ہر ذرہ مضبوط اور متحد ہو کر لڑے گا۔"
انہوں نے کہا کہ "پاکستان کی جغرافیائی حدود ہماری ریڈ لائنز ہیں۔ جو بھی انہیں پار کرے گا، وہ ذلیل و رسوا ہوگا۔" مریم نواز نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اور فوج کا ہر جوان ملک کے وقار کا محافظ ہے اور امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والے غلط ہیں۔آخر میں انہوں نے کہا، "ہم اپنی سرزمین کی عزت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، چاہے ہمیں کچھ بھی قیمت چکانی پڑے۔"