چمن : پاک افغان سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی اور افغان طالبان کی بلااشتعال کارروائیوں کے پیش نظر ضلع چمن میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق، محکمہ صحت کی ہدایت پر ضلع بھر کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور میڈیکل آفیسرز، پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت دیگر طبی عملے کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے۔
ڈی ایچ او نے مزید کہا کہ ادویات، طبی آلات اور ایمبولینس سروسز کی مکمل فعالیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب پاک فوج نے افغان طالبان کی جارحیت کے جواب میں "آپریشن غضب للحق" شروع کیا ہے، جس کے دوران طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔ ان حالات میں چمن اور اس کے اطراف میں سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہے، اور ایسے میں صحت کے نظام کو چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے، اس لیے ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا سکے۔