احسن اقبال کا پی ٹی آئی کو سربراہ کی تبدیلی کا مشورہ

05:36 PM, 27 Feb, 2025

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پی ٹی آئی کو اپنا سربراہ تبدیل کرنے کی تجویز دی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی قومی مجرم ہیں، اور پارٹی کو ایک نئی، ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ اپوزیشن پاکستان کی ترقی سے پریشان ہے اور اسے اس بات کا خوف ہے کہ ملک آگے بڑھ رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے رہنما اس وقت امریکی مدد کے منتظر ہیں، مگر حقیقت میں امریکا پی ٹی آئی کے بانی کو رہائی نہیں دلائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کرپشن کے خاتمے کی سیاست کی تھی، لیکن اب ان پر سب سے بڑی چوری ثابت ہو چکی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ 64 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے بعد خود کو صادق و امین کہنا سراسر ناانصافی ہے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے اور آج سرمایہ کار پاکستان کی پالیسیوں کی کامیابی کے باعث ملک میں سرمایہ کاری کے لیے متوجہ ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں