کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں مقامی مارکیٹوں میں بھی سونا سستا ہوگیا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں سونے کی قیمتوں میں بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی تھی، مگر اب ان میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں مزید 29 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد عالمی قیمت 2 ہزار 887 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔ عالمی قیمتوں کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔
مقامی طور پر، جمعرات کے روز 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت 3,300 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 3 ہزار روپے ہو گئی، جب کہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 2,829 روپے کی کمی کے بعد 2 لاکھ 59 ہزار 773 روپے کی سطح پر آ گئی۔
دوسری جانب، چاندی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اور فی تولہ چاندی کی قیمت 3 ہزار 314 روپے پر مستحکم رہی، جب کہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت 2 ہزار 841 روپے رہی۔