وہ دن دور نہیں جب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم ہوں گے:راجہ پرویز اشرف

05:47 PM, 27 Dec, 2025

گڑھی خدا بخش: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں اور ہر کونے سے عوام آج گڑھی خدا بخش پہنچے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔

راجہ پرویز اشرف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے صبر، حکمت اور سیاسی بصیرت نے پاکستان کو مشکل حالات سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان کھپے” کا نعرہ قومی یکجہتی کی علامت بنا اور اسی سوچ نے ملک کو بچایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم ہوں گے اور عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بدقسمتی سے آج سیاست میں ایسے عناصر موجود ہیں جو اقتدار سے محرومی کے بعد ملک کے خلاف زبان استعمال کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف حکومت جانے پر ریاست اور اداروں کے خلاف باتیں کرنا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مشکل اور خوشحالی دونوں ادوار میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست ملک، جمہوریت اور عوام کے مفاد کے گرد گھومتی ہے۔

آخر میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ بھی وفاق، جمہوریت اور ملکی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور کسی بھی قیمت پر ملک مخالف سیاست کا حصہ نہیں بنے گی۔

مزیدخبریں