گوجرانوالہ نادرا میگا سینٹر میں جلد پاسپورٹ آفس قائم ہوگا: وزیر داخلہ

05:46 PM, 27 Aug, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے لیے نادرا میگا سینٹر میں جلد پاسپورٹ آفس کی سہولت بھی فراہم کر دی جائے گی۔

گوجرانوالہ میں نادرا میگا سینٹر کے دورے کے موقع پر محسن نقوی نے بتایا کہ نادرا سینٹرز میں عوامی سہولیات میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت بہت جلد پاسپورٹ سے متعلق خدمات بھی یہاں دستیاب ہوں گی۔

وزیر داخلہ نے سینٹر میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور شناختی کارڈ کے اجرا کے عمل سمیت دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے نادرا میگا سینٹر میں فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کام کا عمل تیز ہے اور انہیں زیادہ وقت انتظار نہیں کرنا پڑتا۔

دورے کے دوران محسن نقوی مختلف کاؤنٹرز پر گئے، عملے سے ملاقات کی اور انفارمیشن ڈیسک پر شہریوں کی رہنمائی کے نظام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ آنے والے افراد کو مکمل معلومات فراہم کی جائیں اور ان کی رہنمائی میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بعض شہریوں کی شکایات سن کر فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ رش کے باوجود نادرا میگا سینٹر کا عملہ مؤثر انداز میں فرائض انجام دے رہا ہے۔

محسن نقوی نے سینٹر کے ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کی تعریف کی۔
 

مزیدخبریں