پنجاب میں صحت کے ادارے ہنگامی حالت میں، وزیر صحت کی سخت ہدایات

07:27 PM, 27 Aug, 2025

لاہور : پنجاب میں ممکنہ شدید بارشوں اور سیلاب کی پیشگوئی کے بعد محکمہ صحت و آبادی نے ایمرجنسی پلان کو فعال کرتے ہوئے صوبے بھر کے تمام اسپتالوں اور طبی عملے کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے اس سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کی اور تمام متعلقہ افسران کو فوری حفاظتی و طبی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیر صحت نے ہدایت کی کہ سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز کو مکمل طور پر متحرک رکھا جائے، ضروری ادویات، طبی آلات اور عملہ ہر وقت تیار حالت میں موجود ہو۔ انہوں نے "کلینک آن ویلز" یونٹس کو فیلڈ میں مکمل سہولیات کے ساتھ متحرک کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری طبی امداد مہیا کی جا سکے۔

خواجہ عمران نذیر نے واضح کیا کہ وبائی امراض، جلدی بیماریوں، اسہال اور سانپ کے کاٹے جیسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اضلاع میں ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے ضلعی ہیلتھ افسران کو ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کے ساتھ مربوط رابطہ رکھنے کی تاکید کی تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور غفلت یا سستی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سیلابی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔ ان کی ہدایات پر صوبے بھر میں طبی و امدادی ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں