وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا معیشت پر اعتماد، مالیاتی استحکام کو مسلسل سفر قرار دیا

04:50 PM, 27 Aug, 2025

اسلام آباد :وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت درست سمت پر گامزن ہے اور دنیا بھر کے ادارے اس بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی استحکام کوئی ایک بار حاصل کی جانے والی منزل نہیں بلکہ ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں آبادی میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز موجود ہیں، جن کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومتی پالیسیاں موثر طریقے سے جاری ہیں۔ انہوں نے 2022 کے سیلاب میں 30 ارب ڈالر سے زائد نقصان ہونے کا بھی ذکر کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز کے ذریعے داخل ہو رہا ہے اور موڈیز نے ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے مائیکرو اکنامک استحکام کے لیے بہتر مینجمنٹ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پبلک مینجمنٹ کی بہتری کے لیے بروقت فیصلے کیے جا رہے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے پبلک سرونٹس کو ملکی نظم و نسق میں کلیدی کردار ادا کرنے والا قرار دیا اور کہا کہ ان کی محنت سے ہی ترقی کے دروازے کھلیں گے۔

مزیدخبریں