ہیڈ قادرآباد کے قریب پانی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے حفاظتی طور پر ایک چھوٹا دھماکہ کر کے شگاف لگایا گیا

02:38 PM, 27 Aug, 2025

گوجرانوالہ / جھنگ: بھارت کی طرف سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ گوجرانوالہ میں ہیڈ قادرآباد کے قریب پانی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے انتظامیہ نے حفاظتی طور پر ایک چھوٹا دھماکہ کر کے شگاف لگایا ہے۔

ادھر جھنگ میں تریموں ہیڈ ورکس پر بھی پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق، پانی کی آمد 63 ہزار سے زائد کیوسک جبکہ اخراج 51 ہزار کیوسک سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو ضلع بھر کے 400 سے زائد دیہات زیرِ آب آ سکتے ہیں۔ اس خدشے کے پیش نظر دریا کے قریب رہنے والوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، اور اس حوالے سے مساجد سے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے بتایا کہ ضلعی حکومت نے 18 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں، جبکہ ریسکیو 1122 نے بھی 27 مقامات پر امدادی کیمپ لگا دیے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری مدد دی جا سکے۔

انتظامیہ اور امدادی ادارے حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور فوری نقل مکانی کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں