لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر فوری امدادی اقدامات کیے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب نے لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، سرگودھا اور اوکاڑہ میں ریسکیو اور ریلیف کے لیے فوج کی مدد طلب کر لی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا، جس کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی حکومت کو فوج کی تعیناتی کے لیے باضابطہ خط بھیج دیا ہے۔ ان اضلاع میں فوجی جوانوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ کے مشورے سے طے کی جائے گی، اور ضرورت پڑنے پر آرمی ایوی ایشن سمیت دیگر وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔
اس وقت ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی متحرک ہیں اور فرنٹ لائن پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ تمام متعلقہ ادارے دن رات صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد لوگوں کو بروقت ریلیف دینا اور کسی بڑے نقصان سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔