کیلیفورنیا: پرانے اینڈرائیڈ موبائل استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم خبر ہے، کیونکہ میٹا نے واٹس ایپ کی سپورٹ پرانی ڈیوائسز کے لیے ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمپنی ان فونز پر واٹس ایپ کی سہولت بند کر رہی ہے جو اینڈرائیڈ 5 اور 5.1 آپریٹنگ سسٹمز پر چل رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یکم جنوری کے بعد اینڈرائیڈ 6 سے کم ورژن والے موبائل فونز میں واٹس ایپ استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
میٹا کی جانب سے واٹس ایپ کو مسلسل اپڈیٹ کیا جا رہا ہے اور اس میں جدید سیکیورٹی اور نئے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں جو صرف نئے آپریٹنگ سسٹمز کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں۔ اسی وجہ سے پرانے سسٹمز کی سپورٹ مرحلہ وار ختم کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی اب مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید فیچرز پر کام کر رہی ہے، جن کے لیے اپ ڈیٹڈ ہارڈویئر اور سافٹ ویئر ضروری ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 8 ستمبر 2026 کے بعد اینڈرائیڈ 6 سے پرانے ورژنز پر چلنے والے تمام موبائل فونز پر واٹس ایپ مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، جس کے باعث بڑی تعداد میں صارفین متاثر ہوں گے۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اہم چیٹس اور میڈیا کو نئی ڈیوائسز میں منتقل کر لیں، کیونکہ سروس بند ہونے کے بعد ڈیٹا تک رسائی ممکن نہیں رہے گی۔
میٹا کے مطابق اس فیصلے کا بنیادی مقصد صارفین کی سیکیورٹی کو بہتر بنانا، پرائیویسی کو محفوظ رکھنا اور ایپ کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔