کرم ایجنسی : پاک فوج اور فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن (FWO) نے ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے طویل عرصے سے بند پڑا پاڑہ چنار ایئرپورٹ دوبارہ فعال کر دیا ہے۔ ایئرپورٹ کی جامع مرمت اور اپ گریڈیشن کے بعد باضابطہ طور پر آپریشنل ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا جو سو فیصد کامیاب رہے۔
ایئرپورٹ کو آپریشنل قرار دینے سے قبل پاک آرمی ایوی ایشن نے سخت تکنیکی مراحل کے تحت آزمائشی پروازیں کیں۔ ماہر پائلٹس نے مجموعی طور پر 6 مرتبہ طیارے کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے ٹرائلز کیے تاکہ رن وے کی پائیداری اور سیفٹی کا جائزہ لیا جا سکے۔
ٹرائلز کے بعد تکنیکی ٹیموں نے رن وے کو ہر قسم کی پروازوں کے لیے محفوظ اور اعلیٰ ترین سیفٹی اسٹینڈرڈز کے عین مطابق قرار دے دیا ہے۔ایئرپورٹ کی بحالی محض ایک تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ اس کی اہمیت کثیر الجہتی ہے۔پاک فوج اور ایف ڈبلیو او کی اس کاوش سے مقامی آبادی کو سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ ہنگامی طبی امداد (Air Ambulance) کی سہولت بھی میسر آئے گی۔ سرحدی شہر ہونے کے ناطے اس ایئرپورٹ کا فعال ہونا دفاعی رسد اور مستقبل میں تجارتی روابط کے لیے انتہائی کلیدی ثابت ہوگا۔
پاڑہ چنار کے عمائدین اور شہریوں نے ایئرپورٹ پر طیاروں کی آمد و رفت دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ایئرپورٹ کو دوبارہ آباد کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کرم کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے ہر دم کوشاں ہے۔
پاڑہ چنار ایئرپورٹ کا رن وے پروازوں کے لیے تیار: پاک فوج اور FWO نے ناممکن کو ممکن بنا دیا، کامیاب ٹیسٹ فلائٹس مکمل
12:51 PM, 27 Apr, 2026