سرحد پار سے بزدلانہ حملہ: پاک فوج کا افغان اشتعال انگیزی پر کرشنگ جواب، دشمن کی کئی چوکیوں کا نام و نشان مٹا دیا

12:20 PM, 27 Apr, 2026

انگور اڈہ : جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ زلول خیل میں افغان فورسز کی جانب سے سول آبادی پر فائرنگ کے بعد پاک فوج نے جارحانہ کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں افغان طالبان کی متعدد جنگی پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق، صورتحال اس وقت کشیدہ ہوئی جب   سرحد پار سے 'فتنہ الخوارج' کے دہشت گردوں نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے الرٹ پاک فوج نے ناکام بنا دیا۔
 دراندازی کی کوشش ناکام ہونے پر بوکھلاہٹ کا شکار افغان طالبان نے پاکستانی گاؤں کی سول آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی، جس کی زد میں آ کر 2 خواتین سمیت 3 بے گناہ شہری زخمی ہو گئے۔
پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے صرف فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج کے ؤثر حملے میں افغان فورسز کی وہ تمام پوسٹیں تباہ کر دی گئیں جہاں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔پاک افغان سرحد پر سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور کسی بھی نئی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے توپ خانہ تیار ہے۔
افغان طالبان کی اس بزدلانہ حرکت پر زلول خیل کے مقامی قبائل میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اہل علاقہ نے دہشت گردوں کی پشت پناہی اور شہری آبادی پر حملوں کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور دشمن کو قرار واقعی سبق سکھانے کے مطالبے کی تائید کی۔

مزیدخبریں