یاہو نے گوگل کا کروم براؤزر خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کردیا

04:32 PM, 27 Apr, 2025

نیویارک : امریکی انٹرنیٹ کمپنی یاہو نے گوگل کے مشہور کروم براؤزر کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی محکمہ انصاف گوگل کی آن لائن سرچ مارکیٹ میں اجارہ داری ختم کرنے کے لیے اسے کروم براؤزر فروخت کرنے پر مجبور کرنے پر غور کر رہا ہے۔

کچھ عرصہ قبل محکمہ انصاف نے عدالت کو تجویز دی تھی کہ گوگل کو اپنا براؤزر کسی اور کمپنی کو بیچ دینا چاہیے تاکہ مارکیٹ میں صحت مند مقابلہ ممکن ہو سکے۔

یاہو کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے حال ہی میں جاری گوگل ٹرائل کے دوران کہا کہ اگر عدالت گوگل کو براؤزر فروخت کرنے پر مجبور کرتی ہے تو یاہو، Apollo Global کے ساتھ مل کر اس براؤزر کو خریدنے کی کوشش کرے گا۔ ان کے اندازے کے مطابق اس خریداری کی قیمت 10 ارب ڈالر سے زائد ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ یاہو ایک وقت میں دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن تھا، تاہم بعد میں گوگل نے اس کی جگہ لے لی۔ 2021 میں یاہو کو Apollo Global نے Verizon سے خرید لیا تھا، اور اب کمپنی ایک بار پھر بڑی ٹیک دنیا میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہی ہے۔

مزیدخبریں