بلٹ ٹرین منصوبے پر پیش رفت، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ورکنگ گروپ قائم

03:33 PM, 27 Apr, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت لاہور سے راولپنڈی تک پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین چلانے کے منصوبے پر کام شروع ہو گیا ہے۔ اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ہے۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی صدارت میں منصوبے کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں فزیبلٹی اسٹڈی اور منصوبے کے ٹائم فریم پر غور کیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے اس منصوبے کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے، جس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، مشیر وزیراعلیٰ شاہد تارڑ، چیئرمین ریلوے اور سی ای او ریلوے شامل ہیں۔ یہ گروپ آئندہ ہفتے اپنی تجاویز وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گا۔

اجلاس میں بلال اکبر خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ آصف طفیل ذاتی طور پر شریک ہوئے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ مریم نواز اور نواز شریف کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چاہتی ہیں کہ عوام کو سستی، آرام دہ اور تیز ترین سفری سہولتیں فراہم کی جائیں، اور ریلوے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے۔

اس منصوبے میں لاہور اور راولپنڈی کے ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے، اور محکمہ سیاحت کے تعاون سے ریلوے ٹریک کو خوبصورت بنانے پر بھی کام کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بلٹ ٹرین لاہور سے راولپنڈی کا سفر صرف 2 سے اڑھائی گھنٹے میں طے کرے گی، جو ملک کی ٹرانسپورٹ تاریخ میں ایک انقلابی پیش رفت ہو گی۔

مزیدخبریں