پہلگام واقعہ: پاکستان کی کامیاب سفارتکاری، بھارت کو شکست

12:42 PM, 27 Apr, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنی موثر سفارتکاری سے بھارت کو ایک اور شکست دے دی۔ بھارت کی کوشش تھی کہ سلامتی کونسل کے بیان میں "پہلگام" کا لفظ شامل کیا جائے تاکہ یہ تاثر دیا جا سکے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا مکمل قبضہ ہے۔ تاہم، پاکستان نے اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کے لئے ایک بڑا دھچکا دیا ہے۔

پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ بیان میں کوئی ایسا لفظ شامل نہ ہو جو کشمیر کی متنازع حیثیت کو متاثر کرے، اور سلامتی کونسل میں "جموں و کشمیر" کا ذکر شامل کرایا تاکہ عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ متنازع ہی رہے۔ اس کے نتیجے میں بھارت کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا اور بیان میں "تمام متعلقہ حکام" کے الفاظ استعمال ہوئے۔

پاکستان کی سفارتکاری کی کامیابی کے بعد بھارت فوراً مذمت کا بیان جاری نہیں کر سکا، حالانکہ پہلگام میں 22 اپریل کو حملہ ہوا تھا، اور بھارت کا مذمتی بیان 26 اپریل کو آیا۔

اقوام متحدہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ خطے کی صورتحال پر گہری تشویش ہے اور دونوں ممالک کو مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اس دوران پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی پوزیشن کو مستحکم کیا اور بھارت کو ایک واضح پیغام دیا کہ کشمیر کا مسئلہ حل طلب اور متنازع ہے۔

مزیدخبریں