کراچی: مالدیپ کے اسپیکر پیپلز مجلس عبدالرّحیم عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے سندھ اسمبلی کا دورہ کیا، جہاں اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے وفد کا استقبال کیا۔
دورے کے موقع پر سید اویس قادر شاہ اور مالدیپ کے اسپیکر عبدالرّحیم عبداللہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور مالدیپ کے پارلیمانی تعلقات، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ تجارت، سیاحت، تعلیم، صحت، نوجوانوں کی ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں سندھ اور مالدیپ کے درمیان تعاون بڑھایا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کے فروغ کے بھی وسیع امکانات موجود ہیں۔
سید اویس قادر شاہ نے فضائی اور بحری رابطوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صوبائی سطح پر پاکستان-مالدیپ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔
مالدیپ کے اسپیکر عبدالرّحیم عبداللہ نے پاکستان اور مالدیپ کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے 1998 میں مالدیپ کے پارلیمنٹ ہاؤس کی تعمیر میں پاکستان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کی دوستی کی دیرپا علامت ہے۔
مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے سندھ اسمبلی کے تاریخی اولڈ اسمبلی ہاؤس اور نیو اسمبلی ہاؤس کا دورہ بھی کیا۔ بعد ازاں اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، جس میں مہمانوں کو سندھی ٹوپیاں، اجرکیں اور یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔