پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کا مارچ صرف دعووں تک محدود رہا: عطا تارڑ

05:26 PM, 26 Sep, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح اور دوٹوک انداز میں پیش کیا، جبکہ فلسطینی نمائندوں نے بھی وزیراعظم کی تقریر کو سراہا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر خیبرپختونخوا اختیار ولی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ عملی طور پر کھڑا ہے۔ فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان بھجوایا گیا جبکہ فلسطینی طلبہ پاکستان میں میڈیکل تعلیم بھی حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق ملکی دفاع کے معاملے پر بھی پاکستان نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کے مجوزہ لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کے مارچ کے حوالے سے بڑے دعوے کیے گئے، تاہم عملی طور پر کوئی مؤثر تیاری نظر نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں سیاسی طور پر کمزور ہو چکی ہے۔

عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال پر صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ دہشت گردی کے خلاف صوبے کو فراہم کیے گئے اربوں روپے کہاں خرچ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ دہشت گردی کے خاتمے پر مرکوز ہے اور ملکی سلامتی کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ تمام سیاسی قوتیں دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، تاہم پی ٹی آئی کا مؤقف اس سے مختلف ہے۔

اس موقع پر اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کے لیے کوئی مؤثر تیاری نہیں کی تھی اور سہیل آفریدی کے احتجاج سے متعلق بیانات محض میڈیا اسٹنٹ تھے۔

جلال خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا، اب پارٹی رہنماؤں کو اپنے کارکنوں کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نئی یونیورسٹی یا اسپتال بنانے سمیت حکومتی کارکردگی واضح کی جائے۔

مزیدخبریں