سنگاپور: پاکستانی گالفر احمد ظفر حیات نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35ویں سنگاپور اوپن سینئر امیچر گالف چیمپئن شپ 2026 کا اوور آل ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
سنگاپور میں ہونے والے ایونٹ کے دوران احمد ظفر حیات نے تین راؤنڈز میں 73، 74 اور 76 کا اسکور کیا، جبکہ مجموعی طور پر ان کا اسکور 223 (+7) رہا۔
چیمپئن شپ میں پاکستان کے بریگیڈیئر (ر) عمر اعجاز نے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے 229 (+13) کے مجموعی اسکور کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ان کے تین راؤنڈز کے اسکور بالترتیب 77، 80 اور 72 رہے۔
ایونٹ میں شریک تیسرے پاکستانی گالفر محمد عبداللہ منان نے مجموعی طور پر 250 (+34) اسکور کے ساتھ اپنی مہم مکمل کی۔
پاکستانی گالفرز 20 ستمبر کو چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے سنگاپور روانہ ہوئے تھے۔ قومی کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی پر پاکستان گالف فیڈریشن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سراہا۔