اقوام متحدہ میں وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب: بھارت، فلسطین، کشمیر اور موسمیاتی تبدیلیوں پر دوٹوک مؤقف

07:57 PM, 26 Sep, 2025

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے خطاب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔وزیراعظم نے کہا کہ دنیا اس وقت تنازعات، ماحولیاتی بحران اور دہشتگردی جیسے چیلنجز کا شکار ہے، اور ان مسائل کے حل کے لیے عالمی سطح پر اتحاد اور انصاف ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مئی میں مشرقی محاذ پر حملے کے جواب میں پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، بھارت کے 7 جنگی طیارے تباہ کیے گئے۔انہوں نے خبردار کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی جنگ تصور کی جائے گی۔

وزیراعظم نے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ دہرایا اور کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کھلی دہشتگردی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو اسلاموفوبیا کے خلاف سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دینا ہوگا۔

شہباز شریف نے ماحولیاتی تبدیلی کو انسانیت کے لیے خطرہ قرار دیا اور افغان عبوری حکومت سے دہشتگرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا "ہم امن کے خواہاں ہیں، لیکن اپنی خودمختاری کا ہر صورت دفاع کریں گے۔

وزیراعظم نے بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کو اشتعال انگیزی نہیں بلکہ ہوش مندی کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں