واشنگٹن: عالمی ٹیکنالوجی ادارے مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوج کی ایک خفیہ انٹیلی جنس ٹیم کو اپنی کلاؤڈ سروسز استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔ یہ یونٹ فلسطینی شہریوں کی نگرانی کے لیے مائیکروسافٹ کی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کر رہا تھا۔
کمپنی کے صدر و نائب چیئرمین بریڈ اسمتھ نے بتایا کہ یہ فیصلہ برطانوی اخبار "دی گارڈین" کی ایک تحقیقی رپورٹ سامنے آنے کے بعد لیا گیا، جس میں اسرائیلی فوجی یونٹ 8200 کی سرگرمیوں کی تفصیلات ظاہر کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق، اس یونٹ نے مائیکروسافٹ کی Azure کلاؤڈ سروس سے فلسطینیوں کے موبائل فون کالز کا ڈیٹا حاصل کیا۔
مائیکروسافٹ نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی فوجی یونٹ کی جانب سے کمپنی کی اے آئی اور ڈیٹا سروسز کا غیر قانونی استعمال کمپنی کی پالیسیوں کی خلاف ورزی ہے، جس کی وجہ سے یہ پابندی نافذ کی گئی۔
اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اسرائیلی فوج فلسطینیوں کی جغرافیائی لوکیشن، کال ڈیٹا اور دیگر معلومات حاصل کرتی تھی، جنہیں اپنے سیکیورٹی مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔