ابوظہبی میں گولڈن ویزا کے لیے نیا سہولتی مرکز قائم

07:31 PM, 26 Sep, 2025

ابوظہبی: ابوظہبی میں گولڈن ویزا کی سہولت کے لیے ایک جدید اور جامع مرکز قائم کر دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی ویزا سروسز فراہم کرنے والی کمپنی VFS Global نے ورلڈ ٹریڈ سینٹر (WTC) مال میں ایک خصوصی "ون اسٹاپ" سینٹر شروع کیا ہے، جہاں رہائشی ویزا کی تمام کارروائیاں ایک جگہ پر تیزی اور آسانی سے مکمل کی جا سکیں گی۔

یہ مرکز ویزا کی اہلیت کی جانچ، دستاویزات کی تیاری، میڈیکل فٹنس ٹیسٹ کی بکنگ، اور ایمریٹس آئی ڈی کے حصول سمیت دیگر تمام مراحل میں مدد فراہم کرے گا۔


گولڈن ویزا ایک دہائی تک کے لیے جاری ہونے والا طویل مدتی رہائشی ویزا ہے، جو غیر ملکیوں کو بغیر کسی مقامی اسپانسر کے متحدہ عرب امارات میں قیام اور کام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

ابوظہبی کا گولڈن ویزا کئی اہم کیٹیگریز کے افراد کے لیے دستیاب ہے، جن میں ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے (کم از کم 20 لاکھ درہم مالیت کی جائیداد کے حامل)، اعلیٰ تنخواہ یافتہ پیشہ ور (ماہانہ کم از کم 30 ہزار درہم آمدنی والے)، عوامی سرمایہ کار، کاروباری مالک، اور انٹرپرینیور شامل ہیں۔

یہ پروگرام ماہر افراد، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو طویل عرصے کے لیے امارات میں آباد کرنے اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔


گولڈن ویزا کے خواہشمند آن لائن یا براہ راست VFS گولڈن ویزا سینٹر، WTC مال ابوظہبی جا کر درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئی سہولت کے قیام سے ابوظہبی میں سرمایہ کاری اور ہنر مند افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگا، جس سے ملکی معیشت کو مثبت فروغ ملے گا۔

مزیدخبریں