سیلاب متاثرین پر سیاست نہ کی جائے، مریم نواز نے پنجاب کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا: عظمیٰ بخاری

12:59 PM, 26 Sep, 2025

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب کے مسئلے پر نہ صرف عوام کی آواز بلند کی بلکہ قومی سطح پر پنجاب کا مقدمہ پوری قوت سے لڑا۔ اُن کا کہنا تھا کہ سیلاب جیسے حساس معاملے پر سیاست کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ سیلاب متاثرین کے لیے کچھ نہیں کر سکتے، وہ غیر ضروری بیانات دے کر عوام کو گمراہ نہ کریں۔"سیلاب متاثرین کی مدد ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، اس پر سیاست چمکانا افسوسناک ہے،" عظمیٰ بخاری نے کہا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو پنجاب کے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اور وہ نہ صرف اپنے وعدے نبھا رہی ہیں بلکہ شفاف طرزِ حکومت کی بھی مثال قائم کر رہی ہیں۔ اُن کے مطابق مریم نواز اور ان کی ٹیم ہر وقت عوامی خدمت میں مصروف ہیں اور اپنی کارکردگی کھلے دل سے عوام کے سامنے رکھتے ہیں۔

انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا "جن کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کو کچھ نہیں، وہ دوسروں کے کاموں میں خامیاں نکال کر خبروں میں جگہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔"
عظمیٰ بخاری نے آخر میں واضح کیا کہ حکومت صرف دعوے نہیں کر رہی بلکہ عملی اقدامات کر رہی ہے، اور جو لوگ واقعی سیلاب متاثرین کے لیے کام کر رہے ہیں، اُنہیں ان کے کام کرنے دیے جائیں۔

مزیدخبریں