واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت الفاظ میں کہا ہے کہ وہ اسرائیل کو مغربی کنارے کے علاقوں کو اپنے ساتھ جوڑنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اب یہ کافی ہو چکا ہے اور یہ عمل فوراً رکنا چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اس معاملے پر انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بھی بات کی ہے اور کسی صورت میں انضمام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ علاوہ ازیں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران عرب رہنماؤں کو بھی انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہیں۔
اسرائیل کی حکومت پہلے یہ کہہ چکی تھی کہ وہ مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر اپنا کنٹرول بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے، لیکن صدر ٹرمپ کی مخالفت کے باعث یہ منصوبہ رکا ہوا ہے۔
اسی دوران، امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی مسلم رہنماؤں سے ملاقات مثبت رہی اور امید ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کو جلد ختم کرنے کے لیے پیش رفت ہو گی۔