میٹا نے پاکستان میں فیس بک اور میسنجر پر نوجوانوں کے لیے ‘ٹین اکاؤنٹس’ شروع کر دیے

03:36 PM, 26 Sep, 2025

کیلیفورنیا : میٹا نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں اب فیس بک اور میسنجر پر کم عمر نوجوانوں کے لیے خاص ‘ٹین اکاؤنٹس’ متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ یہ قدم نوجوانوں کو آن لائن محفوظ رکھنے کے لیے بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔

یہ سہولت پہلے سے انسٹاگرام پر موجود ہے اور اب اسے فیس بک اور میسنجر پر بھی لاگو کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران کروڑوں نوجوان اس حفاظتی نظام کے تحت انسٹاگرام، فیس بک اور میسنجر پر منتقل ہو چکے ہیں۔

ٹین اکاؤنٹس میں ایسے خودکار حفاظتی انتظامات شامل ہیں جو والدین کے تحفظات کو دور کرتے ہیں، جیسے یہ کنٹرول کرنا کہ نوجوان کون سے لوگوں سے رابطہ کر سکتے ہیں، کیا مواد دیکھ سکتے ہیں اور وہ آن لائن کتنا وقت گزارتے ہیں۔ میٹا نے کہا ہے کہ یہ نظام والدین کو بچوں کے آن لائن تجربے پر اعتماد دیتا ہے، اگرچہ ابھی بہتری کی گنجائش باقی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ والدین اور نوجوان صارفین کے تحفظ کے لیے مسلسل نئے طریقے تلاش کر رہی ہے۔ پاکستان میں یہ تبدیلیاں اس ہفتے سے نئے اور پہلے سے موجود نوجوان صارفین پر لاگو ہو جائیں گی۔

دوسری طرف، حال ہی میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کے اے آئی قوانین میں خامیاں ہیں، جس کی وجہ سے بوٹس بچوں سے نامناسب بات چیت کر سکتے ہیں اور غلط طبی معلومات بھی دے سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اے آئی کے لیے بڑے ڈیٹا سینٹرز بنائیں گے جس پر اربوں ڈالرز خرچ کریں گے۔

مزیدخبریں